انقرہ،4جنوری(آئی این ایس انڈیا)ترکی وزیر خارجہ مولود جاوش اوگلو نے تصدیق کی ہے کہ ہفتے کی شب استنبول کے نائٹ کلب میں حملہ کرنے والے شخص کی شناخت ہو گئی ہے۔ سالِ نو کی رات ہونے والی اس خونی کارروائی میں 39افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔اس سے قبل کرغستان سے تعلق رکھنے والے ایک شہری یاخیہ ماشرابوف کے پاسپورٹ کی تصویر جاری کر دی گئی تھی اور یہ دعوی کیا گیا تھا کہ یہ مبینہ حملہ آور ہے۔ ترک حکام نے مذکورہ شخص کے ساتھ تحقیقات کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی اور اس کے بعد رہا کر دیا گیا۔
منگل کے روز ایک سیلفی وڈیو بھی جاری کی گئی تھی جس کے بارے میں کہا گیا کہ یہ حملہ آور کی ہے۔ ترک حکام کے مطابق یہ شخص چین یا ازبکستان سے تعلق رکھتا ہے اور وہ شام سے ترکی آیا۔ ترک سکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ نائٹ کلب پر حملہ کرنے والا شخص انتہائی پیشہ ور اور ہتھیاروں کے استعمال کی اچھی تربیت کا حامل تھا۔بدھ کے روز ترکی کی سرکاری ایجنسی اناضول نے بتایا کہ پولیس نے استنبول حملے کے پس منظر میں مغربی شہر ازمیر سے 5افراد کو گرفتار کیا ہے جن کے بارے میں شبہہ ہے کہ ان کا تعلق داعش تنظیم سے ہے۔اس سلسلے میں حراست میں لیے جانے والے افراد کی تعداد منگل کے روز بڑھ کر 14ہو گئی۔ ادھر ایک ٹی وی چینل”این ٹی وی“کے مطابق استنبول کے مرکزی اتاترک ہوائی اڈے سے دو غیر ملکیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔